عمران خان کا کیس 10 دن کی مارنہیں، لوگ اس نااہل اورنالائق حکومت سے تنگ ہیں، شیخ رشید
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ 13جماعتوں کا ایجنڈا صرف ایک شخص کو نااہل کروانا اور جیل میں ڈالنا ہے،عمران خان کا کیس 10دن کی مارنہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آپ عمران خان کو ختم کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ اس کی سیاست ختم ہوجائے گی تو آپ کی عقل پر پردہ پڑا ہوا ہے، حکومت اپنی پائوں پر خود کلہاڑی ماررہی ہے، آپ ایک شخص کو دس بار نااہل کردو، آپ سے وہ ختم نہیں ہورہا، انہوں نے اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے نیب کو لنگڑا لولا کردیا ہے، عمران خان کا کیس 10 دن کی مارنہیں ہے۔انہوں نے کہا چھوٹے لوگ بڑی جگہوں پر آگئے ہیں، لوگ اس نااہل،نالائق اور نکمی حکومت سے تنگ ہیں، آپ ڈلیور نہیں کرسکتے، آپ نے ایک شخص کو پکڑنا تھا، ان 13جماعتوں نے جو کچھ سوچا تھا اس کا سارا فائدہ عمران خان کو چلا گیا، سارا اسلام آباد سیل ہوچکا ہے، دنیا بھر کی ایجنسیاں کیا سے کیا خبر دے رہی ہیں، اس 27کلومیٹر کی حکومت میں 3تھانے جل گئے ہیں، صرف لاہور میں 10آدمی مرگئے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈائیلاگ کرنے والے لوگوں کو عدالتوں سے اٹھا یا جارہا ہے، آپ کرنے کیا جارہے ہیں؟ یہ چاہتے ہیں ان کے سر پر کوئی دستک شفقت رکھے، جن لوٹوں نے پیسے لے کر ووٹ بیچے ان کو رینجرز کی سکیورٹی دی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ گلی محلے میں جو نعرے لگ رہے ہیں ،میں خود ڈپریشن میں چلاگیا ہوں، اس سے بہتر ہے بندہ جیل چلا جائے اس فوج کو عظیم سمجھتا ہوں، فوج پاکستان کے عوام پر گولی نہیں چلا سکتی، یہ ادارے بہت عظیم ہیں، فوج کیاداروں کو نقصان پہنچانا زیادتی ہے، توڑ پھوڑ کی یہی وجہ ہے کہ اس احتجاج کو عوام نے خود لیڈ کیا ہے۔


