بلوچستان کابینہ اجلاس، مسلم باغ حملے کی مذمت، سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان پر اظہار افسوس

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان صوبائی کابینہ نے گزشتہ دنوں مسلم باغ میں ایف سی کیمپ پر تخریب کاروں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تخریب کاروں کیخلاف کلیئرنس آپریشن میں سیکورٹی اہلکاروں کی اموات پر دلی دکھ و افسوس اور جانثاروں کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سانحہ مسلم باغ کے جانثاروں کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی گئی۔ کابینہ نے جوابی کارروائی میں تمام تخریب کاروں کی ہلاکت پر سیکورٹی فورسز کی جرا¿ت و بہادری کو سراہا۔ کابینہ اجلاس میں 9 مئی کے بے امنی کے واقعات اور عسکری اور نجی املاک پر حملوں کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو ملکی وقار اور سا لمیت کیخلاف سازش قرار دیا۔ کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی طرح بلوچستان کے عوام بھی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اجلاس میں افواج پاکستان اور ملکی سلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں