کورونا وائرس‘ جامعات کے طلبہ نے فیس معاف کرنے کامطالبہ کردیا

اسلام آباد:اسلام آباد میں مختلف جامعات کے طلبہ نے حکومت، اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) اور وزارت تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جو سمسٹر رہ گئے ہیں ان کی فیس معاف کی جائے اور آن لائن کلاسیں ختم کی جائیں یا سب کو اس کی سہولت دی جائے۔طلبہ نے کہا کہ ’ہم احتجاج کے لیے نہیں آئے لیکن ہمارے جائز مطالبات ہیں اور ان کی تکمیل کے لیے وزیر تعلیم اور چئیرمین ایچ ای سی کو درخواستیں دیں لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا‘۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے شکایت سیل میں آن لائن بہت درخواستیں دیں لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ’آن لائن امتحان میں لنک ڈاؤن ہونے سے کئی طلبہ پیپر جمع کروانے سے محروم رہ گئے جبکہ کئی طلبہ کو ایپس یا آن لائن کلاسز کا طریقہ نہیں معلوم لیکن ہمیں فیسوں کے چالان پہنچا دیے جاتے ہیں‘۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پاکستان میں تعلیم کا شعبہ ہے یا کاروبار ہے۔انہوں نے کہا کہ ’اگر کاروبار چل سکتا ہے تو کیا ایس او پیز پر عمل کرکے طلبہ یونیورسٹی نہیں جاسکتے؟‘طلبہ کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اپنے مطالبات کے لیے ایچ ای سی کے باہر علامتی احتجاج کیا اور احتجاج کے دوران ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی، انہوں نے تمام مطالبات تسلیم کیے لیکن کسی قسم کی یقین دہانی کرانے سے انکار کر دیا‘۔طلبہ نے چیف جسٹس سے معاملات پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 4 ماہ سے بند جامعات فوری طور پر فیس معاف کرنے کا اعلان کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آن لائن کلاسز کو ختم کیا جائے کیونکہ انٹرنیٹ میں مسائل کی وجہ سے 70 سے 80 فیصد طلبہ کلاسز نہیں لے سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں