دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 4 لاکھ افراد ہلاک، 70لاکھ افراد متاثر

کراچی: نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 213 ممالک 4 لاکھ 2 ہزار 241 انسانی جانیں نگل لیں، وائرس سے اب تک 69 لاکھ 82 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 4 ہزار 253 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 34 لاکھ 13 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 706 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 112,096 ہو گئی ہے، جب کہ 19 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 22 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 7 لاکھ 51 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 17 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 30,401 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 97 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا سر فہرست ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 204 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 40,465 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 84 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔برازیل وہ ملک ہے جہاں کرونا سے ہلاکتوں میں اضافہ یورپ میں ہلاکتیں کم ہونے کے بعد ہوا، اور اب اس نے ہلاکتوں میں فرانس اور اسپین کے بعد اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ برازیل ہلاکتوں کی تعداد میں تیسرا ملک بن چکا ہے، جہاں ہلاکتیں بڑھ کر 36,044 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 6 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 910 ہلاکتیں ہوئیں۔یورپی ملک اٹلی چوتھا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 33,846 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 65 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 300 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 72 اموات ہوئیں۔فرانس اور اسپین بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، فرانس میں ہلاکتیں 29,142 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپین میں 27,135 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔میکسیکو میں 13,511 مریض، بیلجیئم میں 9,580، جرمنی میں وائرس سے 8,769 مریض، ایران میں 8,209 مریض، کینیڈا میں 7,773 مریض، انڈیا میں 6,946، نیدرلینڈز میں 6,011 افراد، روس میں 5,725، پیرو میں 5,301، ترکی میں 4,669، سوئیڈن میں 4,656، چین میں 4,634 (گزشتہ 41 دنوں میں ایک ہلاکت)، ایکواڈور میں 3,608، پاکستان میں 2,002، سوئٹزرلینڈ میں 1,921، انڈونیشیا میں 1,801، آئرلینڈ میں 1,678، چلی میں 1,541، پرتگال میں 1,474، رومانیا میں 1,322، کولمبیا میں 1,205، مصر میں 1,198، جب کہ پولینڈ میں 1,153 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران روس اور پیرو میں 100 سے زائد اموات، برطانیہ اور انڈیا میں 200 سے زائد اموات، میکسیکو میں 600 سے زائد، امریکا میں 700 سے زائد، برازیل میں 900 سے زائد مریض ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں