کراچی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک شخص کو قتل کردیا، دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 بچیوں کا باپ جاں بحق ہو گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مقتول عدیل علاقے میں برگر کا ٹھیلا لگاتا تھا، علاقے میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیاں روز کا معمول بن گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق منظور کالونی میں 24 سالہ عدیل ٹھیلا بند کر کے واپس آرہا تھا کہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر اسے قتل کر دیا۔ علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ ڈاکو گلی میں لوٹ مار کر رہے تھے، عدیل موقع پر پہنچا تو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر اسے روکا، ملزمان نے لوٹ مار کے بعد عدیل کو گولیاں ماریں اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق جائے وقوع پر آدھے گھنٹے بعد صرف ایک پولیس والا پہنچا، علاقے میں روز لوگوں کا لٹنا معمول بن گیا ہے اور آئے روز ڈاکو لوگوں کو لوٹتے اور فائرنگ کرتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او بلوچ کالونی فیل ہو گئے ہیں، بلوچ کالونی پولیس لوگوں کی جیبوں سے ماوا گٹکا تلاش کرتی پھر رہی ہے، علاقے میں پولیس کا گشت نہیں ہوتا۔ دوسری جانب ایس ایچ او بلوچ کالونی چھٹیاں منانے میں مصروف ہیں۔ کراچی میں اورنگی ٹاؤن، اردو چوک میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ نارتھ ناظم آباد میں سر پر وزنی چیز لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔مائی کلاچی روڈ پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن اردو چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت 24 سالہ عمیر سے ہوئی ہے۔ واقعہ کیسے پیش آیا پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد ڈولمین مال کے قریب جھگڑے کے دوران سر پر وزنی چیز لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مقتول نوجوان کی شناخت 18 سالہ محسن کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا، گودام چورنگی کے قریب ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر ٹرالر موجود ہے اور ڈرائیور غائب ہے، ٹرالر کو تھانے منتقل کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مائی کلاچی روڈ، ریلوے پھاٹک کے قریب لوٹ مار میں مصروف ڈاکو پر شہری نے فائرنگ کردی۔ شہری کی فائرنگ سے ڈاکو صدام حسین زخمی ہوگیا، زخمی ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ریسکیو کے مطابق ہجرت کالونی گلی نمبر 34 میں بابا ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 30 سالہ ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔


