بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات، فورسز سے جھڑپ میں 40 افراد ہلاک

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات کے دوران فورسز سے جھڑپ میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی شمالی مشرقی ریاست منی پورمیں گزشتہ ہفتوں سے دو گروپوں کے درمیان نسلی فسادات جاری ہیں جہاں باغیوں کی فورسز سے بھی جھڑپیں ہوئی جس میں متعدد باغیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی بھی خبریں ہیں۔ منی پور کے وزیراعلیٰ بیرن سنگھ کا کہنا ہے کہ فورسز کے کریک ڈاﺅن میں اب تک 40 سے زائد مشتبہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران دو پولیس اہلکار بھی جان گنوا بیٹھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشتبہ افراد عام شہریوں کے خلاف ایم 16، اے کے 47 اور اسنائپر گنز استعمال کررہے ہیں اور انہوں نے متعدد دیہات کو بھی نذر آتش کردیا ہے جس کے بعد ہم نے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے جس میں فوج اور دیگر فورسز کی بھی مدد لی گئی ہے، ہمیں فورسز کی طرف سے 40 مشتبہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں