کوئی بھی طاقت بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، صدر مملکت عارف علوی
کوئٹہ (آن لائن) صدر مملکت پاکستان عارف حسین علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 19 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ بلوچستان ایک پر امن صوبہ ہے جہاں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد ممکن ہے منظم انداز میں قومی سطح کے ان کھیلوں کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 34 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ ، صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی موجود تھے صدر مملکت عارف حسین علوی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ محمد علی جناح نے اپنے ذاتی پیسوں سے 1948 میں جو ٹرافی خرید ی تھی وہ آج بھی بلوچستان میں موجود ہے اور محمد علی جناح کی بلوچستان اور کھیلوں سے محبت کا مظہر ہے، محمد علی جناح اور فاطمہ جناح نوجوان کی مثبت سمت میں ترقی پر خصوصی توجہ دیتے تھے اور آج بھی ہمیں ان عظیم شخصیات کے راستوں پر گامزن رہنے کی ضرورت ہے کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے پوری دنیا پر واضح ہوا کہ بلوچستان ایک پرامن اور محفوظ صوبہ ہے موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے بلوچستان میں قیام امن کے لئے کوششیں کیں جو بار آور ثابت ہوئیں یہ صوبہ بلا شبہ زرخیز اور معدنی دولت سے مالا مال خطہ ہے جو پورے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا موجب بن سکتا ہے صدر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر نو آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے آج کی محنت کل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور محمد علی جناح کے ارشادات کے مطابق ترقی کے اہداف اتحاد کے ذریعے ہی حاصل کئے جاسکتے ہیں اور یہ واضح ہے کہ کوئی بھی طاقت بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی صدر مملکت نے تمام کھلاڑیوں ، منتظمین اور پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہترین اور منظم انداز میں قومی سطح کے کھیلوں کا انعقاد ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ،34 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف حسین علوی نے کامیاب ٹیموں کے ساتھ ساتھ وزیر کھیل و ثقافت بلوچستان عبدالخالق ہزارہ ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی ، سیکرٹری اسپورٹس محمد اسحاق جمالی ، بلوچستان پولیس کے نمائندے کو شیلڈ پیش کی تقریب میں بلوچی چاپ سمیت رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے گئے۔