ایلون مسک نے تیسری مرتبہ دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں مسلسل کمی کے باعث 31 مئی کی شب ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک اس وقت 192 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ برنارڈ آرنلٹ کے اثاثوں کی مالیت 187 ارب ڈالرز ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ دسمبر 2022 میں برنارڈ آرنلٹ نے ایلون مسک کو پیچھے چھوڑا تھا اور مئی 2023 کے اختتام تک دنیا کے امیر ترین شخص رہے۔ فروری 2023 کے اختتام پر بھی ایلون مسک نے فرانس کے برنارڈ آرنلٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ مگر 48 گھنٹوں کے اندر ہی وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے سے دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ برنارڈ آرنلٹ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں