ہرنائی میں کوئلہ ذخائر پر جاری بھتہ گیری حکومت کی ناکامی ہے، این ڈی ایم
کوئٹہ (آن لائن) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں کچھ، ہرنائی روڈ چپر رفٹ خوست کے مقام پر ٹرکوں پر فائرنگ کرکے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور ڈرائیوروں کو زدوکوب کرنے کے واقعہ کو ضلع ہرنائی کے عوام پر بھتہ گیری کا ایک اور بدترین واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب چپر رفٹ کے مقام پر سیکورٹی فورسز کے کیمپوں اور ناکوں کے وسط میں روڈ پر کوئلے سے لوڈ ٹرکوں پر فائرنگ کرکے ٹائر برسٹ کیے گئے اور انجنوں کو تباہ کرکے ڈرائیوروں کو زدوکوب کیا گیا اور یہ عمل مین شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں ہوا۔ بیان میں کہاگیاہے کہ ضلع ہرنائی اور اس کے تمام وسائل اور کوئلے کے ذخائر و کاروبار پر بھتہ گیری کے باعث سول انتظامیہ اپنے دفاتر اور رہائشگاہوں میں محصور ہے۔ ماہانہ کروڑوں روپے کی بھتہ گیری سرعام جاری ہے۔ بم دھماکے، قتل و غارت، خوف و ہراس، مزدوروں، ٹھیکیداروں کو قتل و زخمی کرنا، مشینری کو جلانے، ٹرکوں کو نقصان پہنچانے کی مسلسل وارداتیں جاری ہیں اور تمام عوامی آبادی کو یرغمال بنایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھتہ گیری اور اس کے پس پردہ پشتون دشمن عزائم سے ضلع کا ہر باشندہ اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا بخوبی آگاہ ہے اور یہ کہ ان کارروائیوں کے ذریعے عوام کو اپنے آباﺅ اجداد کی زمینوں اور علاقے سے بیدخل کرکے آبی و معدنی ذخائر پر مستقل قبضہ کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور صوبے کی اعلی سول انتظامیہ نے اپنی آئینی و قانانی ذمہ داریوں اور فرائض سے دستبردار ہوکر ضلع ہرنائی اور اس کے عوام سمیت تمام وسائل کو عوام کے حوالے کیا جائے۔


