حنا ربانی کھر 5سے 13جون تک ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجئم کے دورے کریں گی
اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر5سے13جون تک سرکاری دورے پر ناروے، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجئم جائیں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھروزارتی سطح پر ملاقاتوں کے دوران ترقی، تجارت اور موسمیاتی تبدیلی میں سیاسی روابط اور تعاون پر تبادلہ خیال کریں گی۔دورے کے دوران وزیر مملکت وہاں کے اراکین پارلیمنٹ اور مقامی تاجروں سے بھی ملاقات کریں گی۔ بیلجئم میں اپنے دورے کے دوران حنا ربانی کھر یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور یورپی کمیشن کے سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔وزیر مملکت برائے امور خارجہ سویڈن میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات(ای سی ایف آر)کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرکے اہم خطاب کریں گی۔ وہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گی اور خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور چیلنجز پر بحث کے لیے یورپ کے سرکردہ فیصلہ سازوں، ماہرین، تھنک ٹینکس اور بااثرشخصیات کے ساتھ بات چیت کریں گی۔


