اب نواز شریف کے پاکستان آنے نہ آنے سے سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شیخ رشید
راولپنڈی(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کٹی ہوئی پتنگ کی مانند ہے، کوئی سمجھ نہیں آ رہی کہ گڈی کون لوٹے گا،اب نواز شریف کے پاکستان آنے نہ آنے سے سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اب ان کیلئے ریسٹ از دی بیسٹ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ مائنس پلس فارمولا بھی ناکام ہوگا اس سے مزید عدم استحکام پھیلے گا، ستمبر ستمگر ہوگا اور کوئی انہونی بھی ہو سکتی ہے، 20دن اہم ہیں کٹی کٹا نکل آئے گا، تاحیات نااہل لوگوں کو اہل بنانا اور پھر ان سے پارٹی بنانا آسان کام نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کٹی ہوئی پتنگ کی مانند ہے، کوئی سمجھ نہیں آ رہی کہ گڈی کون لوٹے گا، پی ڈی ایم صرف پھوٹ کا شکار ہی نہیں عوام میں منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہی، اصل عوام کی نفرت کا نشانہ نون لیگ ہے، نون کی سیاست نہ زندوں میں رہی نہ مردوں میں رہی، اس نے اپنی سیاسی ناک خود کاٹی ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف کے پاکستان آنے نہ آنے سے سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اب ان کیلئے ریسٹ از دی بیسٹ ہے، سیاسی مسائل حل نہیں ہوں گے تو معیشت اپنے پائوں پر کھڑی نہیں ہوگی، 50 فیصد مہنگائی زیادہ کارخانے بند ایکسپورٹ ترسیلات زرمبادلہ کے ذخائرتیزی سے کم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں گندم اور ایل این جی کی قیمت 100 فیصد کم ہوئی لیکن پاکستان میں 100 فیصد بڑھ گئی، معیشت زمین بوس ہوگئی، غریب زندہ دفن ہوگیا، قبرایک ہے اور بندے چار ہیں۔


