میئر انتخابات، تمام گرفتار بلدیاتی نمائندوں کی حاضری یقینی بنانے کا حکم، الیکشن کمشنرسندھ کا چیف سیکرٹری کو خط
کراچی(این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 15جون کو سندھ بھر میں ہونے والے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین سمیت تمام کونسلرز کے سربراہان کے انتخابات کیلیے حکم نامہ جاری کر دیا ہے،جس میں کہا گیا کہ تمام منتخب بلدیاتی منتخب نمائندوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے۔صوبائی الیکشن کمشنر نے ہیڈ آف کونسلز کے انتخابات کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت جاری ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ 15جون کو تمام گرفتار منتخب نمائندوں کی ہیڈ آف کونسلرز کے انتخابات میں حاضری کو یقینی بنایا جائے اور انہیں پروڈکشن آرڈر کے تحت ووٹ ڈالنے کے لیے حاضر کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام منتخب نمائندوں کی حاضری الیکشن کے روز یقینی بنائیں۔الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی مکمل پاسداری کی جائے اور صاف و شفاف الیکشن کے لیے تمام منتخب نمائندوں کی موجودگی کے انتظامات کیے جائے۔دوسری جانب الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے آئی جی سندھ ،ڈی جی رینجرز سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت جاری کی ہیں کہ صوبے میں جن جن مقامات پر ہیڈ آف کونسلز (میئرز ،ضلع چیئرمینز)کے انتخابات ہونے ہیں وہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں ۔واضح رہے کہ کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے ایوان آج مکمل ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق کراچی سے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدوار آج سہ پہر تین بجے حلف اٹھائیں گے۔