گورنر بلوچستان کا جامعہ گوادر کی سرپرستی میں قائم پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا دورہ

گوادر (آن لائن)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے جمعہ کے روز یونیورسٹی آف گوادر کی سرپرستی میں قائم پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیوٹ کا دورہ کیا اور مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کے مختلف حصے دیکھے اور وہاں زیر تربیت اسٹوڈنٹس سے دستیاب سہولیات پر بات چیت کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پھیلی ہوئی دنیا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کی۔ اس ضمن میں یہ بات کی جا سکتی ہے کہ گوادر کے نوجوانوں کا فنی تعلیم کے لحاظ سے مقابلہ دنیا کے ذہین ترین اسٹوڈنٹس کے ساتھ ہیں۔ لہٰذا ہم نے مسقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانا ہوں گی۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے دنیا پین لیس اینڈ پیپر لیس دور میں داخل ہورہی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ جب وقت بدلتا ہے تو وقت کے ساتھ اقدار اور تقاضے بھی بدل جاتے ہیں، لہذا ہم اپنی پالیسیوں اور منصوبوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ انسٹی ٹیوٹ سے گوادر اور متصل علاقوں کے نوجوان کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر عبدالناصر دوتانی اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد بھی گورنر بلوچستان کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں