بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کی جائیداد ضبط کرنے پر تشویش ہے، ممتاز زہرہ بلوچ
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے کشمیر میں کشمیریوں کی جائیداد ضبط کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری رہنما ایاز اکبر کی جائیداد ضبط کرنے کی مذمت کی ہے ۔ جمعرات کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے کئی کشمیری کارکنوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کے لیے جارحانہ انداز اپنایا ہے۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے 2021 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک ایسی 124 جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور تحریک حریت کے رہنما ایاز اکبر کی سری نگر میں جائیداد ضبط کرنے کے بھارت کے حالیہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ ایاز اکبر فرضی الزامات میں 2017 سے قےد ہیں ۔ بھارت کو سیاسی رہنماوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو ان کی جائز جائیدادوں سے بے دخل کرنا بند کرنا چاہیے۔ کشمیری اپنی سرزمین کے حقیقی وارث ہیں۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ غیر کشمیریوں کو متنازعہ علاقے میں زمینیں اور جائیدادیں خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط اور تباہ کی جا رہی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس سے خام تیل کی درآمد پاکستان کی انرجی سیکیورٹی کیلئے اہم ہے۔ روسی خام تیل ملکی ضروریات پوری کرنےکی کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان فیری سروس چلانے پر بات چیت جاری ہے۔ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاک ایران مذاکرات کیلئے سیکرٹری خارجہ تہران جارہے ہیں، ڈاکٹر اسد مجید خان ایرانی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ان کے خلاف پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ افغانستان کی قائم مقام حکومت سے تخریب کاری کے تدارک کے لیے رابطے میں ہیں، انسداد تخریب کاری کیلئے افغان عبوری انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔


