مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب سمیت مزید کئی سیاست دان کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

پارلیمنٹ سیکریٹریٹ سے اراکین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج سے متعلق جاری تازہ فہرست کے مطابق احسن اقبال اور فرخ حبیب کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے احسن اقبال کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ لیگی رہنما نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رکن قومی اسمبلی عثمان قادری اور بلوچستان سے آزاد سینیٹر ثنا جمالی بھی وبا کا شکار ہوگئی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے کورونا پازیٹیو ہونے پر اظہار افسوس اور ان کی صحت کی دعا کی۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ احسن اقبال انتہائی قابل، محنتی اور نظریاتی وابستگی رکھنے والے رہنما اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہوں نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کے مفادات کے لیے جراتمندانہ کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ کچھ کا اس کے باعث انتقال بھی ہوچکا ہے۔

دو روز قبل سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کورونا کا شکار ہونے والے سیاستدان
یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ کچھ کا اس کے باعث انتقال بھی ہوچکا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

مئی میں قومی اسمبلی کے دو اراکین محبوب شاہ اور گل ظفر خان سمیت ایوان زیریں کے متعدد ملازمین میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

3 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

2 جون کو صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں