وسائل کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت،فائیو ایز فریم ورک معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر ہو گا، احسن اقبال
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وسائل کا صحیح استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، فائیو ایز فریم ورک معاشی ترقی کے لئے گیم چینجر ہو گا، میں سمجھتا ہوںکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب کو ایک ٹیم بن کر پاکستان کے جومسائل ہیں انہیں حل کرنا ہے۔ کسی بھی بحران میں ایک بہتری کا موقع پنہاں ہوتا ہے اگرآپ اسی بحران کے اندر اپنی اصلاح کر لیں تووہ آپ کے لئے نعمت بن جائے گی لیکن اگرآپ اس سے سبق نہ سیکھیں توپھر آپ اس سے بڑی بیماری یا مصیبت کا شکار ہوجائیں گے۔ 2018میںجب تبدیلی لائی گئی تو پاکستان کو چارسال کسی روڈمیپ کے بغیر چلایا گیا، اسٹیٹس کو پر چلایا گیا، کبھی ہواکے تھپیڑوں پر اِدھرچلے گئے ، کبھی اُدھر چلے گئے۔ ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مسائل سے گزررہا ہے اور ہمیں وسائل کی کمی کاسامنا ہے، 2018میںجب ہم نے حکومت چھوڑی تواس وقت پاکستان کا ترقیاتی بجٹ 1000ارب روپے تھا،جب چار سال بعد میں نے دوبارہ یہ قلمدان سنبھالا تو ترقیاتی بجٹ سکڑ کر 550ارب روپے رہ چکا تھا، اب ایک سال بعد ہم نے اس میں 109فیصد اضافہ کر کے اسے 1150ارب روپے کیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں سمجھتا ہوںکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب کو ایک ٹیم بن کر پاکستان کے جومسائل ہیں انہیں حل کرنا ہے۔ ہم نے ابھی ایک سٹڈی جاری کی ہے کہ اگر ہم اپنے پوٹینشل پر کام کریں تو 2035تک ہم ایک ہزار ارب ڈالرز کی معیشت بن سکتے ہیں اور اگر ہم نے اپنی موجودہ چال ہی جاری رکھی توہم ایک ہزار ارب ڈالرز کی بجائے 570ارب ڈالرز کی معیشت ہوں گے لیکن ہماری آبادی میں جو 8کروڑ سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہو گاتواس کے نتیجہ میں غربت 40فیصد سے بڑھ جائے گی اور نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 15فیصد سے اوپر ہو جائے گی اوراس سے پھر ہمیں اپنے ملک کے اندر بہت سے انتشار کاسامنا کرنا پڑے گا۔ انہوںنے کہا کہ دوطبقوں کی ترقی میں شمولیت ہماری ترقی کے لئے بہت اہم کردار اداکرے گی ایک نوجوان اور دوسری خواتین، دنیا کا کوئی ملک جس نے کامیاب ترقی کی ہے اس نے خواتین کی ورک فورس کی شمولیت کو یقینی بنایا ہے، گزشتہ ایک صدی کے دوران دنیا کا کوئی ایک ملک نہیں ہے جس نے آدھی آبادی کو گھر میں بٹھا کر ترقی کی ہو۔ ہم نے خواتین کو یہ مواقع فراہم کرنے ہیں کہ ان کی صلاحیت سے ہم فائدہ اٹھا سکیں اور بالخصوص نوجوان آباد کو ہم نے سکلز دینی ہیں ، تعلیم دینی اورانہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ یہ انجن آف گروتھ بنیں اورترقی کا انجن بنیں۔


