برطانیہ نے پاکستان کیلئے ترقیاتی امداد کی مد میں 4 کروڑ 14 لاکھ پاﺅنڈ مختص کردیے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) برطانیہ کی طرف سے مالی سال 24-2023ءمیں پاکستان کے لیے ترقیاتی امداد کی مد میں 4 کروڑ 14 لاکھ پاو¿نڈ مختص کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق برطانیہ دو طرفہ سرکاری ترقیاتی امداد (او ڈی اے) کے تحت پاکستان کو 4 کروڑ 15 لاکھ پاو¿نڈ فراہم کرے گا جو کہ خاندانی منصوبہ بندی، بچیوں کی تعلیم، ریونیو، سرمایہ کاری اور تجارت پر خرچ کیے جائیں گے۔ برطانیہ کے غیرملکی، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی طرف سے شائع کردہ نئی پاکستان کنٹری ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ (سی ڈی پی ایس) سمری میں پاکستان برطانیہ ترقیاتی شراکت داری کے لیے ایک نئے نقطہ نظر کا تعین کیا گیا ہے۔نئے سی ڈی پی ایس میں مالی سال 2024-25ءکے لیے او ڈی اے کی بجٹ 13 کروڑ 30 لاکھ پاﺅنڈ دکھائی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حکمت عملی برطانیہ کے روایتی امدادی تعلقات سے باہمی فائدے کے لیے پاکستان برطانیہ کی شراکت داری کی طرف منتقلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ہائی کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حکمت عملی کا مقصد پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں بشمول آبادی کی حرکیات، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، صنفی مساوات اور معیشت کی ساخت کے خلاف پیش رفت کو بحال کرنا ہے۔ سالانہ رپورٹ میں اگلے سال ایف سی ڈی او کے مجموعی او ڈی او بجٹ میں متوقع اضافے کی بنیاد پر مالی سال 2024-25ءمیں او ڈے اے میں برطانیہ پاکستان کی نمایاں نمو کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ برطانیہ نے عارضی طور پر پاکستان کے لیے اگلے سال کے او ڈی اے کا بڑا شیئر مختص کیا ہے جس کا مقصد گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانے اور خطرات کو کم کرنے کی کوششوں کو بڑھانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں