جولائی کے آخر تک کورونا کیسز 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں، اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و مراعات اسد عمر نے کہا ہے کٓہ جولائی کے آخر تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے اپریل میں جب بندشوں میں کمی کی تھی اور اس کے بعد مئی میں بھی تو وہ ہر مرتبہ یہی تاکید کرتے تھے کہ ہم جتنی حفاظتی تدا بیر کو اپنائیں گے، ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کریں گے اتنا ہی کورونا کی وبا کا پھیلاؤ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) اور قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) نے بھی یہی کہا تھا کہ اگر ہم ان ہدایات پر عمل نہیں کریں گے تو وبا کے پھیلاؤ میں تیزی میں آسکتی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلے چند ہفتوں میں ایسا دیکھنے میں بھی آیا اس وقت جو صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ جون کے وسط میں ملک میں کورونا وائرس کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ مصدقہ کیسز موجود ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور جون کے وسط میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیسز موجود ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جس طریقے سے صورتحال جارہی ہے اگر اس میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو ہمارے ماہرین کے مطابق جون کے آخر تک اس تعداد میں 2 گنا اضافہ ہوچکا ہوگا یعنی یہ تقریباً 3 لاکھ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے حالات ہیں جولائی کے آخر تک مصدقہ کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں