مدعی منحرف، راناثنااللہ تخریب کاری کے مقدمے سے بری ہوگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرداخلہ راناثنااللہ چیف سیکرٹری کو دھمکیاں دینے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ سے بری ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے مدعی کے منحرف ہونے پر رانا ثناء اللہ کو بری کردیا۔ عدالت نے آج وفاقی وزیر داخلہ کو طلب کر رکھا تھا۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت گوجرانوالا میں پیش ہوئے، پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔رانا ثناء اللہ کے خلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں درج گوجرانوالا کی خصوصی عدالت میں چیف سیکرٹری اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔گزشتہ سماعت میں عدالت نے رانا ثناء اللہ کو بذریعہ پولیس طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔عدالت نے رانا ثنا اللہ کے ساتھ ان کے ضمانتی رانا سعد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی کو طلب کیا تھا۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت 5 اگست 2022ء کو ق لیگ کے مقامی رہنما شاہ کار اسلم کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ سرکاری افسران اور ان کی فیملیز کو دھمکانے پر رانا ثنا اللہ کیخلاف اگست 2022 کو تھانہ انڈسٹری ایریا گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں