نوے فیصد شیئر بلوچستان اور دس فیصد شیئرز وفاق کے،بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام حتمی مرحلے میں داخل
کوئٹہ; وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں مجوزہ بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دے گئی، اجلاس میں سیکریٹری معدنیات ومعدنی ترقی کی کمپنی کے بطور عبوری سی ای او تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تعداد سات رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، اجلاس میں طے پایا کہ کمپنی میں نوے فیصد شیئر بلوچستان اور دس فیصد شیئرز وفاقی حکومت کے ہوں گے، اجلاس میں کمپنی کا ہیڈ آفس کوئٹہ جبکہ برانچ آفس اسلام آباد میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں بی ایم ای سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین میں معدنیات کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو شامل کرنے سے اتفاق کیا گیا، اجلاس میں چاغی فاؤنڈیشن کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا جسے کمپنی کے منافع سے مناسب حصہ دیا جاۓ گا فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد ضلع میں معاشی و سماجی شعبہ کو ترقی دینا ہے جبکہ محکمہ معدنیات و معدنی ترقی اور محکمہ خزانہ کو اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے آغاز کی ہدایت کی گئی، اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمپنی کے قیام سے بلوچستان میں مائننگ کے شعبے میں بہتری اور تبدیلی آئے گی اور صوبے کے معدنی وسائل کی تیز رفتار بنیادوں پر ترقی ممکن ہوگی جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکے گا، انہوں نے کہا کہ بی ایم ای سی کے لئے حکومت بلوچستان ابتدائی طور پر فنڈز مختص کرے گی اور یہ کمپنی صوبے میں نجی کمپنیوں کو بھی ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گی، معدنیات کے حامل اضلاع کے عوام کو کمپنی کے قیام سے تعلیم، صحت اور روزمرہ زندگی کے حوالے سے بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی، انہوں نے کہا کہ کمپنی بلوچستان کے نوجوانوں کو معدنیا ت کے شعبہ میں جدید تربیتی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کرے گی جن میں تربیتی مراکز کا قیام بھی شامل ہوگا اور یہ نوجوان تربیت حاصل کرکے صوبے کی معدنیات کی تلاش وترقی اور انہیں صوبے کے لئے بروئے کار لانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے،اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ اور یگر متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی،


