نواز، زرداری اور عمران ایک جیل میں ہوں تب خوشی ہوگی، سراج الحق
حافظ آباد (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان ایک جیل میں ہوں تب خوشی ہو گی۔حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف مردم شماری کا بہانہ کرکے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں، ان کو پتہ ہے عوام انہیں گندے انڈے ماریں گے کیوں کہ ان حکمرانوں نے معیشت تباہ کر دی، ہمیشہ سنتا آیا ہوں حالات خراب ہیں،حالات بدلنا کس کا کام ہے؟ ہم اقتدار میں آئے تو سودی نظام ختم کریں گے،سراج الحق نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک کی گرفتاری کو قوم کافی نہیں سمجھتی، توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے پاس اپیل کا حق ہے، جماعت اسلامی بے لاگ احتساب چاہتی ہے، توشہ خانہ سے فائدہ اٹھانے والے تمام افراد کوسمن کیا جائے اور تفصیلات قوم کے سامنے رکھی جائیں۔نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے پہلے پی ٹی آئی اور بعد میں پی ڈی ایم اورپیپلزپارٹی کو مسلط کیا گیا اور مستقبل میں بھی ایسا ہی خطرہ برقرار ہے، ملک بچانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسے اس نظریہ پر چلایا جائے جس کی خاطر کروڑوں اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں، جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو سیاست دان، ججوں، جرنیلوں سمیت سب کا احتساب ہو گا۔


