توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری نے نیا معافی نامہ جمع کروادیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اورسابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن میں نیا معافی نامہ جمع کروادیا۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کا معافی نامہ تسلیم کر لیا۔الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ24اگست کو سنایا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ اس معافی نامہ کو تسلیم کرلیتے ہیں اور اس معافی نامہ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فوادچوہدری کی جانب سے گزشتہ سماعت پر جمع کروایا گیا مشروط معافی نامہ مستردکردیا تھا۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے گزشتہ سماعت پر جمع کروائے گئے معافی نامہ میں کسی قسم کے افسوس کااظہار نہیں کیا تھا۔ دوران سماعت فواد چوہدری روسٹرم پر آئے اورکہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کا گزشتہ فیصلہ پڑھا ہے،اس میں شاید زبان کے استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔ فواد چوہدری کی جانب سے اسی وقت ایک اورمعافی نامہ جمع کروایا گیا۔ بینچ کے ارکان نے معافی نامہ پڑھا۔ جبکہ فواد چوہدری نے استدعا کہ کیس کا فیصلہ آج ہی سنا دیا جائے تاہم چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم اس کو زیر غور لے آتے ہیں اورآئندہ سماعت پر فیصلہ سنادیا جائے گا۔ ZS


