عوام عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے صاحبان اقتدار پر دبائو بڑھائیں، مشتاق احمد

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام عافیہ کی رہائی کے لیے متحد ہو کر صاحبانِ اقتدار پر دبائو بڑھائیں۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کراچی میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی رہائش گاہ پر امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس کے حوالے سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور الطاف شکور سے مشاورتی نشست کی ۔بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ماضی کی تمام حکومتوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی چابی اسلام آباد میں ہے۔ نگران پاکستانی حکومت، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کردار ادا کرے۔سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت شدید پابندیوں سے گزر رہی ہے اور تکالیف کا سامنا کر رہی ہے۔ حال ہی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیوسٹیفورڈ اسمتھ کی ملاقات کے بعدڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ہمہ پہلو تشدد کی جو خبریں آئی ہیں وہ بہت خوفناک ہیں۔ پاکستان کے عوام عافیہ کی رہائی کے لیے متحد ہو کر صاحبانِ اقتدار پر دبائو بڑھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں