پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، لاہور ہائیکورٹ کا حکومت اور اوگرا سمیت دیگر سے جواب طلب
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر حکومت اور اوگرا سے جواب طلب کرلیا۔جسٹس سلطان تنویر احمد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، عالمی مارکیٹ کے مقابلے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے ہوا اور ان میں کوئی مطابقت نہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہو گا، لہذا قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے متفرق درخواست پر وفاقی حکومت اور اوگرا سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 17.50 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔


