سنتھیا نے اندراج مقدمہ کا عدالتی حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: امریکی شہری سنتھیا رچی نے اپنے خلاف مقدمہ اندراج کا عدالتی حکم چیلنج کردیا۔امریکی شہری سنتھیا رچی نے اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔سنتھیا رچی نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا، ایف آئی اے کو میرے خلاف مقدمہ درج کرنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی درخواست پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں