ایمان مزاری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے وکیل ایمان مزاری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔شیریں مزاری کی جانب سے تیسرے مقدمے میں ضمانت کی صورت میں ایمان مزاری کی پھر گرفتاری کا خدشہ عدالت کے سامنے ظاہر کیا گیا تو اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پیر تک ایمان مزاری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی صوبے کو ایمان مزاری کی گرفتاری میں معاونت دی جائے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے دو صفحات پر مشتمل آرڈر میں یہ بھی کہا ہے کہ سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے یقینی بنائیں کہ ایمان مزاری کو اسلام آباد کی حدود سے باہر نا لے جایا جائے اور سیکرٹری داخلہ ایمان مزاری کے خلاف مقدمات سےمتعلق پیر تک صوبوں سے تفصیلات مانگ کر آگاہ کریں،کیس کی مزید سماعت پیرتک ملتوی کر دی۔


