نگران وزیر اعظم کا 9مئی سے متعلق بیان حیران کن ہے ، پی ٹی آئی
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کا 9 مئی کے واقعات پر بیان حیران کن اور باعثِ تشویش ہے۔نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے ٹی وی انٹرویو پر پاکستان تحریکِ انصاف نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نگراں وزیرِ اعظم بادی النظر میں اب تک آئین اور اپنے مینڈیٹ کو ٹھیک طریقے سے نہیں سمجھے ہیں۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ انتخابات کے انعقاد کے علاوہ ہر موضوع پر بیانات دے رہے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک حکومتی سطح پر ناقص، گمراہ کن اور مجہول بیانیوں کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا، یہ بیانیے 9 مئی کے واقعات کے حقائق کوچھپانے کی کوشش لگتے ہیں جنہیں قوم تسلیم نہیں کر رہی۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ قوم 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطح کی عدالتی تحقیقات کی منتظر ہے۔ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے پاس قابلِ اعتبار شواہد ہیں تو انہیں قوم کے سامنے رکھیں۔


