عید میلاد النبیﷺ، قیدیوں کی سزائوں میں 3 ماہ کی کمی

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی حکومت نے جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزائوں میں 3 ماہ کی کمی کردی۔اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی خصوصی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے۔وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی  جبکہ آرٹیکل 45 کے تحت وزارتِ داخلہ نے صدر سے بھی سزائوں میں کمی کی منظوری حاصل کی ہے۔دو تہائی قید پوری کرنے والے 65 سال کے قیدیوں کی سزا 3 ماہ کم ہو جائے گی، دو تہائی سزا پوری کرنے والی 60 سال عمر کی خواتین قیدیوں کی سزا میں بھی کمی ہوگی، 18 سال سے کم عمر کے قیدیوں کی سزا میں بھی 3 ماہ کی کمی ہوگی۔دہشتگردی، ریاست کے خلاف جرائم اور جاسوسی میں ملوث قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔قیدیوں کی سزا میں کمی کا اطلاق ملک بھر کی جیلوں میں قید مخصوص قیدیوں پر ہوگا، اس حوالے سے وزارتِ داخلہ تمام صوبوں کو تحریری احکامات ارسال کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں