بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں استعمال ہونیوالی ادویات کی سبز رنگ میں پیکنگ کا نظام نافذ
کوئٹہ (آئی این پی) حکومت بلوچستان محکمہ صحت نے شفافیت اور ادویات کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی سبز رنگ میں پیکنگ کے نظام کو نافذ کردیا۔ یہاں جاری ہونے والے بیان کے مطابق حکومت بلوچستان محکمہ صحت نے شفافیت اور ادویات کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سرکاری اسپتالوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی سبز رنگ میں پیکنگ کے نظام کو لاگو کردیا، سبز رنگ کی پیکنگ سے ادویات کی ترسیل سے ادویات کے استعمال کی غیرمنصانہ روش کا خاتمہ ہوگا۔ بیان کے مطابق سبز رنگ کی پیکیجنگ کا بنیادی مقصد سرکاری اسپتالوں کی دوا کی شناخت میں مدد کرنا ہے، ادویات کی سبز رنگ کی پیکنگ سے سرکاری اسپتالوں کی ادویات کا غلط استعمال روکنے میں مدد ملے گی۔ ادویات کی سبز پیکنگ سے ہیلتھ سروسز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈرگ مافیا کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی، سرکاری ادویات کی مخصوص رنگت کی پیکنگ سے اب مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں آسانی ہوگی بلکہ ادویات کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔ سبز پیکجنگ میں سانپ کے زہر سے بچاو کے انجکشن، اینٹی ٹیٹنس اننجکشنز و دیگر ادویات شامل ہیں، ادویات کی سبز رنگ کی پیکنگ کے لیے محکمہ صحت بلوچستان اور ایم ایس ڈی کے حکام نے اہم کردار ادا کیا، ادویات کی خریداری کے نظام کو ڈی سینٹرلائزیڈ کر دیا گیا ادویات کی خریداری کی ادائیگی کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ادائیگی کرے گا۔ ڈسٹرکٹس میں پی پی ایچ کے وئیر ہاوسز میں ادویات کو اسٹور کرنے اور مرک کے کے ذریعے ادویات کی ترسیل میں معاونت کرے گا، ادویات کی خریداری، ترسیل اور تقسیم کے نظام کے لیے مختلف مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو چیک اینڈ بیلنس رکھے گی، اگلے مرحلے میں محکمہ صحت کے ذیلی اداروں کے ادویات کے بجٹ کو بھی پبلک کیا جائے گا۔ صحت عامہ کے معیار کی بہتری اور بروقت اقدامات ہماری ترجیحات کا حصہ ہے، عوام کو علاج معالجے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔


