حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر میزائل حملے، کئی ملکوں کا اظہارِ مذمت

یمن:یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت تین شہروں پر میزائل داغے ہیں جس کی مختلف ملکوں کی جانب سے مذمت کی جا رہی ہے۔
حوثی باغیوں کی جانب سے منگل کو میزائل حملہ گزشتہ ماہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد کیا جانے والا پہلا حملہ ہے۔
سعودی فوجی اتحاد نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے دارالحکومت ریاض اور دو جنوبی شہروں میں میزائل داغے ہیں تاہم انہوں نے ہدف کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ البتہ حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کی عمارت اور ملٹری بیس کو نشانہ بنایا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحیٰ ساری نے منگل کو ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے متعدد میزائلوں اور ڈرون سے کنگ سلمان ایئر بیس اور وزارتِ دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے جنوبی شہروں نجران اور جیزان میں بھی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
برطانیہ اور فرانس نے بھی سعودی عرب پر میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔برطانوی وزیرِ خارجہ ڈومینک راب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حالیہ حملے کے بعد اس کے امن کے دعوے مشکوک ہو گئے ہیں۔ برطانیہ اس حملے کی مذمت کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں