نگراں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا جبکہ وفاقی کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کی ڈپٹی چیئرمین نیب اور سید احتشام قادر شاہ کی بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل تقرری کی منظوری دے دی۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں نیب اور پی ا?ئی اے سمیت دیگر اداروں کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ کابینہ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال، غیرقانونی افغان مہاجرین سمیت ملک کے مجموعی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، امن و امان کی صورتحال اور انسداد اسمگلنگ آپریشن پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ بعدازاں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا بریفنگ پر نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں فلسطین کے مسئلے پر بات چیت ہوئی کابینہ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے حل کیا جائے۔ کابینہ نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی 1967 سے پہلے کی حیثیت کو بحال کیا جائے۔ کابینہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں بالخصوص شہری آبادی پر بمباری کی شدید مذمت کی۔ وفاقی کابینہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گھیرا? کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گھمبیر صورتحال بالخصوص خوراک اور پانی کی قلت جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ کابینہ نے زور دیا کہ مقبوضہ فلسطین میں حالیہ کشیدگی اسرائیل کی جانب سے سات دہائیوں پر محیط ناجائز قبضے، نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ کابینہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری بمباری روکی جائے اور ناجائز محاصرے کو ختم کر کے متاثرین تک بین الاقوامی امداد کو پہنچنے دیا جائے۔ کابینہ نے حکومت پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے جس کی سرحدیں1967 کے اسرائیل کےغاصبانہ قبضے سے پہلے کے مطابق ہوں اور اس کا دارالخلافہ القدس الشریف ہو وزیراعظم نے وفاقی وزرائ کو صرف ضروری نوعیت کے غیر ملکی دورے کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں