زمیندار ایکشن کمیٹی کااحتجاج رنگ لے آیا، نگراں حکومت کیساتھ تحریری معاہدہ، احتجاج موخر کردیا
کوئٹہ (یو این اے) زمیندار ایکشن کمیٹی کااحتجاج رنگ لے آیا، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی حکومت اور زمیندار ایکشن کمیٹی میں 4نکاتی تحریری معاہدہ ہوگیا، 18اکتوبر کو صوبے بھر میں پہیہ جام موخر کردیاگیاہے ،معاہدے کے مطابق 3ماہ بعد دوبارہ امور زیر بحث لاکر معاملات طے کئے جائیںگے۔گزشتہ روز زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیراحمدشاہوانی کی قیادت میں وفد نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات اور مطالبات سے آگاہ کیا،وفد میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی ،آگا لعل جان احمد زئی ،حاجی ولی محمد رئیسانی ،حاجی کاظم خان اچکزئی ،سیدعبدالقہارآغا،حاجی عبدالجبارکاکڑ، حاجی شیر علی مشوانی ،حاجی عبیداللہ پانیزئی،حاجی افضل دشت،،صدیق اللہ آغا، خالق داد،ملک منظور،حاجی روز الدین کاکڑشامل تھے جبکہ اس موقع پر نگران وزیر زراعت آصف الرحمن دمڑ، نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری لعل جان جعفر،کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات ،کیسکو حکام بھی موجود تھے۔نگران وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ زرعی شعبے کے منظور شدہ قانونی ٹیوب ویلوں کی بجلی جمعہ تک بحال کر دی جائے تاکہ عین سیزن میں زمینداروں کو برقی تعطل کے باعث کسںی بھی قسم کے زرعی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے نگران وزیر اعلی نے سیکرٹری محکمہ انرجی اور کمشنر کوئٹہ کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کیسکو اور زمینداروں کے مابین بقایاجات کی ادائیگی ، میٹرز کی تنصیب اور غیر قانونی ٹیوب ویلوں کے خلاف کارروائی کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔بعدازاں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر حکومت بلوچستان جن میں نگران وزیر زراعت آصف الرحمن دمڑ، نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی کےساتھ تحریری معاہدہ کیاگیا معاہدے کے مطابق کیسکو 29ہزار کے قریب زرعی ٹیوب ویلز پر 8گھنٹے بجلی مکمل وولٹیج کے ساتھ فراہم کریگی جبکہ زمیندار ماہانہ 12ہزار روپے بل کی ادائےگی کرینگے ،اس کے ساتھ کیسکو آج زرعی فیڈرز پر بجلی بحال کریگی ،13اکتوبر سے تمام غیرقانونی ٹیوب ویلز کے خلاف کارروائی کی جائےگی ،اگر کوئی زمیندار کسی ٹیوب ویل کابل جمع نہ کرسکا توپھر صرف اسی ٹیوب ویل کی بجلی منقطع کی جائےگی تمام فیڈر کی بجلی منقطع نہیں ہوگی ،تین ماہ بعد دوبارہ مذکورہ امور پر زیر بحث لائی جائےگی ،ادائےگی کامعاملہ باہم گفت وشنید کے ساتھ حل کیاجائے گا۔تحریری معاہدے پر نگران صوبائی وزرائ آصف الرحمن دمڑ، جان اچکزئی ،نصیراحمدشاہوانی ،حاجی عبدالرحمن بازئی نے دستخط کئے۔زمیندار ایکشن کمیٹی کے ترجمان کے مطابق زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے مطالبات کے حل کیلئے 18اکتوبر کو بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال کااعلان کیاگیاتھا جس کو موخر کردیاگیاہے


