فلسطینی مزاحمتی تنظیم نےاسرائیل کو زمینی کارروائی سے خبردار کر دیا، اپنی تیاریوں کی ویڈیو جاری

غزہ/ نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے اپنی تیاریوں کی ویڈیو جاری کر دی۔حماس کی جانب سے جاری کی گئی فرضی ویڈیو میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے دکھایا گیا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ نے لبنان کے مقبوضہ علاقے شیبا فارمز میں اسرائیلی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ادھر امریکا نے اسرائیل کے مخالفین کو پیغام دینے کیلئے دوسرا بحری بیڑہ بھی بھیجنے کا اعلان کردیا۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے کے مشن نے سلامتی کونسل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی نہ روکی تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں ہوں گے اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ مشن نے ایکس، سابقہ ٹوئٹر، پر پوسٹ میں لکھا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو ذمہ داری اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور ان ممالک پر عائد ہوتی ہے جو کونسل کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔جبکہ روس نے بھی سلامتی کونسل سے اسرائیل فلسطین جنگ بندی کے لیے قرارداد پرپیرکو ووٹنگ کا مطالبہ کیا ہے۔جس میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ میں روس کے نائب سفیر دمتری پولیانسکی نے کہا کہ جمعہ کو 15 رکنی سلامتی کونسل میں پیش کیے جانے کے بعد سے متن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہ اس مسودے پر پیر کی سہ پہر کو ووٹنگ کی توقع رکھتے ہیں۔ مسودے کے متن میں فوری اور پائیدار انسانی جنگ بندی کی مکمل پابندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی کی ضمانت، انسانی امداد کی تقسیم اور ان شہریوں کے محفوظ انخلا کے امکان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں