جو ڈگری یا تعلیم آپ میں تبدیلی نہیں لاسکتی اس پر نظر ثانی کرنا چاہیے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے الحمد اسلامک یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا کانووکیشن طلبائ، اساتذہ اور والدین کیلئے نہایت خوشی اور مسرت کا موقع ہوتا ہے جس دن ان سب کو اپنے اپنے فرائض کی ادائیگی اور کارکردگی کا ثمر مل جاتا ہے۔ تعلیم دراصل تمام بنی نوع انسان کا مشترکہ سرمایہ ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہی ہے۔ تعلیم کا حصول جدھر سے بھی ہو اس کی اہمیت، افادیت اور مرتبہ یکساں اہمیت کا حامل ہوتے ہیں۔ اسی طرح استاد کی تکریم اور اکرام ان کی گرانقدر خدمات کی بنیاد پر ہوتا ہے خواہ ان کا تعلق کسی مذہب، رنگ اور نسل سے ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمد یونیورسٹی کے دوسرے کانوکیشن کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گیسٹ آف ہانر سباق سینٹر حاجی لشکری ریئسانی، صدر الحمد اسلامک یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیل روشن، نسٹ یونیورسٹی بلوچستان کیمپس کے ڈین اینڈ ڈائریکٹر برگیڈیر ڈاکٹر وسیم خالق اور الحمد اسلامک یونیورسٹی کے پرو ریکٹر عروہ جاوید سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور والدین بھی شریک تھے۔ الحمد اسلامک یونیورسٹی کے دوسرے کانوکیشن کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ڈگری یا تعلیم آپ میں تبدیلی نہیں لا سکتی اس پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بلاامتیاز تکریم اور احترام صوبے کی تعلیمی ترقی، ذہنی تبدیلی اور تدریس کے نظام کو مستحکم کرنے میں مددگار ہوگا۔ تعلیم کا ایک بنیادی مقصد کردار سازی بھی ہے اس حوالے سے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہترین تربیت، اعلیٰ انسانی اقدار سے آگاہی اور ترقی پسند رحجانات کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کی اس ترقی یافتہ دور میں بھی ہمارے کئی علاقوں میں تعلیمی اداروں کا فقدان ہے، صحت کے مراکز کی عدم دستیابی کے باعث لوگ مختلف مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ تعلیم اتنی مہنگی ہو چکی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مدارس میں داخلہ دلوانے پر مجبور ہیں۔ تعلیم دراصل پوری انسانیت کا اثاثہ ہے لہٰذا آپ بھی تعلیم حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کو انسانوں کی بہبود کیلئے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر الحمد یونیورسٹی کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلبائ و طالبات کے مستقبل کی زندگی میں کامیابی اور کامرانی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں سابق سینیٹر حاجی لشکری ریئسانی اور ڈاکٹر شکیل روشن نے بھی کانوکیشن کے شرکائ سے خطاب کیا۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبائ و طالبات میں گولڈ مڈلز اور اسناد تقسیم کیے، گورنر بلوچستان نے الحمد اسلامک یونیورسٹی کے احاطے میں ارض کے نام سے منسوب یوٹیوب چینل کا افتتاح بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں