احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنےکی استدعا مسترد
احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔ملزمان پر ویڈیو لنک کے ذريعے فردِجرم عائد کرنے کیلئے 6جولائی کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
جعلی اکاؤنٹس کے پارک لین ریفرنس میں فردِ جرم کی کارروائی آصف علی زرداری کی عدم پیشی پرمؤخرکردی گئی ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فردِجرم ویڈیولنک پرعائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔آصف زرداری کےوکیل فاروق نائیک کی کرونا کے بعد حالات معمول پر آنے تک التواء کی استدعا بھی مسترد کردی گئی۔
احتساب عدالت میں خواجہ انور مجید کی پہلی حاضری ہوئی اور وہ کراچی کے اسپتال سے ویڈیو لنک پرپیش ہوئےجبکہ فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی حاضری سے مزید ایک استثنی کی درخواست دائر کردی اورکہا کہ یوسف رضا گیلانی عدالت پیش ہوئے تو انہیں کرونا ہوگیا،آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے،ان کوکروناکاخطرہ ہے اورسفر کرنا بھی مشکل ہے۔وکیل نےحاضری میں پی آئی اے کو بھی رکاوٹ قرار دے دیا اور کہا کہ کراچی حادثے کی رپورٹ آگئی ہے،پائلٹس کی ڈگریاں بھی جعلی نکل رہی ہیں،اب تو قومی ائر لائن سے سفر کرنے سے گھبراہٹ ہوتی ہے جبکہ غیر ملکی ائر لائنز کا آپریشن معطل ہے۔
عدالت کےجج اعظم خان نے وکیل فاروق نائیک کے دلائل پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ آپ بھی تو عدالت میں پیش ہورہے ہیں ، کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں؟عدالت نے نیب کو ملزمان کی ویڈیو لنک پر حاضری یقینی بنانے کے انتظامات کی ہدایت کردی۔ ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی اب 6 جولائی کو ہوگی


