سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات، انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی) سانحہ اے پی ایس کے متاثرین نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی جس میں بچوں کےلئے جلد انصاف کی فراہمی کی استدعا کی ۔ بدھ کو سانحہ اے پی ایس کے متاثرین سپریم کورٹ پہنچے،سانحہ اے پی ایس کے متاثرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں ۔ سانحہ اے پی ایس کے متاثرین نے کہاکہ ہمیں انصاف چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ دو سال سے سپریم کورٹ کے چکر لگا رہے ہیں ،ہمیں ہمارے بچے دیں یا انصاف دیں ۔ متاثرین نے کہاکہ دو سال سے کیس لگنے کا انتظار کر رہے ہیں ،ہم انصاف کے لئے کہاں جاہیں ۔سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین دوہائی دیتے ہوئے رو پڑے۔ بعد ازاں سانحہ اے پی ایس متاثرین نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی جس کے بعد متاثرین نے بتایاکہ اپنے بچوں کیلئے جلد انصاف فراہمی کی استدعا کی ہے، چیف جسٹس کو 16 دسمبر کے روز بچوں کی برسی پر دعوت بھی دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں