تربت میں قبرستان کیلئے بھی زمین نہیں، اقتدار میں آکر بارڈر کاروبار کو ٹوکن سے پاک کریں گے، ڈاکٹر مالک
تربت (نمائندہ انتخاب) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سماجی تبدیلی کے لئے مردوں کے ساتھ خواتین بھی جمہوری سیاست میں کردار ادا کریں، خواتین کے بغیر سماج میں تبدیلی لانا ممکن نہیںہے، نیشنل پارٹی اپنی سیاسی بصیرت کی بنیادپر سماج میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہے ،نیشنل پارٹی نے کیچ میں اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کرکے تعلیمی میدان میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی، بی آر سی تربت، تربت یونیورسٹی ، میڈیکل کالج ،ہائی اسکولز، گرلز کالج اور ایلمنٹری کالج نیشنل پارٹی نے بنائے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی ریجنل سیکرٹریٹ تربت میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں ایک کلومیٹر روڈ بھی مکمل نہیں ہوا، اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کرپشن کی نذرہوئے، لینڈ مافیا نے تربت کی تمام اراضیات پر قبضہ کیا اس وقت قبرستان کے لئے بھی زمین نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ بارڈر کاروبار پر ٹوکن مافیا نے قبضہ جمارکھا تھا، اقتدار میں آکر بارڈر کاروبار کو ٹوکن سے پاک کریں گے، انہوں نے کہا کہ سٹیلائٹ ٹا¶ن ہا¶سنگ اسکیم نیشنل پارٹی نے بنائی تھی اس وقت الاٹیز کو بارہ ہزار روپے میں ایک پلاٹ دی گئی آج انہی پلاٹوں کی مالیت لاکھوں اورکروڑوں روپے میں ہے، نیشنل پارٹی نے سیلاب متاثرین کو سات مرلہ اسکیم میں لاکھوں روپے کے پلاٹ مفت میں دیئے، یہ متاثرین کئی سالوں تک خداکی بستی ودیگر علاقوں میں دربدر تھے انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار فراہم کرنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، میڈیکل کالج کی تعمیر کے باعث تربت میں 50 کے قریب اسپیشلسٹ ڈاکٹر ڈیوٹی دے رہے ہیں، مستقبل میں نیشنل پارٹی کو موقع ملا تو صحت کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے تاکہ عوام کو علاج کے لیے کراچی جانا نہ پڑے، اجلاس میں شہید ڈاکٹر یاسین کی برسی میں زیادہ سے زیادہ خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی، اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن، ریجنل سیکرٹری برائے مکران ابوالحسن، ضلعی صدر مشکور انور بلوچ بھی شریک تھے،اجلاس میں طاہرہ خورشید، بی بی شاری ابوالحسن، گل سمین ایڈوکیٹ اور زینب یاسین نے بھی خطاب کیا۔


