اورماڑہ، محکمہ فشریز کی گشتی ٹیم نے غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف ٹرالر کو دھر لیا
اورماڑہ (نمائندہ انتخاب)اورماڑہ میںمحکمہ فشریز کی گشتی ٹیم نے غیر قانونی ماہیگیری میں مصروف ٹرالر کو دھر لیا۔تفصیلات کے مطابق سیکریٹری فشریز عمران گچکی، ڈی جی فشریز یونس سنجرانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز مشتاق احمد کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ بشیر کاکڑ کی سربراہی میں انسپیکٹر مقبول احمد، انسپیکٹر ظاہر شاہ، انسپیکٹر الطاف حسین و دیگر عملہ سمیت فشریز کی گشتی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے سمندری حدود میں بارہ ناٹیکل میل کے اندر سمندری حیات کی بے دریغ نسل کشی میں مصروف بہار الحسیب B 19550 نامی ٹرالر کو عملہ سمیت حراست میں لے لیا ہے، جس کے خلاف فشریز ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لیا گیا ہے۔واضح رہے جب فشریز کی گشتی ٹیم نے گشت کے دوران اورماڑہ کے سمندری حدود میں بہار الحسیب B 19550 نامی گجہ ٹرالر کے خلاف کارروائی شروع کی تو مذکورہ گجہ ٹرالر نے فوراً فشریز کی گشتی ٹیم پر پتھراؤ کرتے ہوئے حملہ کر دیا۔ جس کے بعد فشریز ٹیم نے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے مذکورہ ٹرالر کو دبوچ لیا۔اس پوری کارروائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ بشیر کاکڑ فشریز کی گشتی ٹیم کے ساتھ رہے۔اسی اثناء میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ بشیر کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سمندری حدود میں کسی کو بھی غیر قانونی شکار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ غیر قانونی ماہیگیری میں ملوث عناصر کے خلاف آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔تاہم اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز بشیر کاکڑ کی سربراہی میں محکمہ فشریز کی گشتی ٹیم کی جانب سے غیر قانونی ماہیگیری میں ملوث ٹرالر کو فوری دبوچ لینے پر مقامی ماہیگیروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔مقامی ماہیگیروں کا کہنا ہے کہ ہم امید رکھتے ہیں موصوف ہمیشہ ماہیگیروں کے ذریعہ معاش کو بے دردی سے تاراج کرنے والوں کے خلاف اسی طرح کارروائیاں عمل میں لائیں گے۔


