عارف علوی دو مرتبہ آئین شکنی کے مرتکب ہوئے، اخلاقی طور پر مستعفی ہوجائیں، اسحاق ڈار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ سے دو مرتبہ آئین شکنی کے مرتکب قرار دیے جانے کے بعد صدر عارف علوی کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے نجی ٹوی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکی نہ دیتے تو ن لیگ مئی 2022 میں اسمبلی تحلیل کر دیتی۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی کے بعد نوازشریف نے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ تبدیل کیا۔ پروگرام میں اسحاق ڈار سے سوال کیا گیا کہ کیا ن لیگ اقتدار میں آکر جنرل پاشا، جنرل ظہیر،جنرل باجوہ اور جنرل فیض کیخلاف کارروائی کرے گی؟ جس پر جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو اقدامات ہوئے ہیں انہیں کسی کارروائی کے بغیر یونہی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرتھ اینڈ ری کنسلیئیشن کمیشن میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا ہے، وہ کمیشن یہ رپورٹ بنائے کہ ماضی میں کس کا کیا کردار رہا ہے۔


