وزیر اعظم عمران خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، وفاقی بجٹ کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ
کوئٹہ /اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، وفد نے وزیراعظم کو مسائل سے آگاہ کیا وزیراعظم کی مسائل حل کرنے کی مثبت یقین دہانی، بی اے پی کا وفاقی بجٹ کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر زبیدہ جلال، احسان اللہ ریکی، نوابزادہ خالدمگسی، اسرار ترین، روبینہ عرفان پر مشتمل بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر تعلیم شفقت محمود ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری،ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے، بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے وزیراعظم سے بلوچستان کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نشاندہی کردہ مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر غور اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے


