سوراب، آن لائن کلاسز کیخلاف شٹرڈائون ہڑتال، بی ایس او کا اظہار تشکر
سوراب(نامہ نگار)انٹرنیٹ کی بندش اور آن لائن کلاسز کے خلاف کامیاب شٹرڈاون ہڑتال پر سوراب کی تاجر برادری سمیت تمام مکاتب فکر کا شکریہ ادا کرتے ہیں 12 جولائی کو منشیات کے خلاف سوراب میں تاریخی ریلی کا انعقاد کرینگے۔ان خیالات کا اظہار بی ایس او کے مرکزی چیئرمین نزیر بلوچ نے آل پارٹیز نمائندوں کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میر علی اکبر گرگناڑی لطیف قلندرانی امان اللہ مینگل مولوی محمد عیسی لعل محمد نیچاری ایڈووکیٹ منیر آزاد بلوچ, شکیل احمد زہری، گل حسن عیسی زئی عامر بلوچ، وسیم بلوچ،خلیل میروانی بشیر احمد میروانی میر عبدالرحمن گرگناڑی، محمد یاسین سمالانی، حافظ محمد مدنی نور جان زہری شفیع جان شاہوانی، شبیر افغان زئی سمیت آل پارٹیز کے مقامی قائدین اور کارکنوں کی کثیر موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے آن لائن کلاسز کا انعقاد صرف فیس بٹورنے کیلئے کیا ہے کیونکہ بلوچستان کے 6 اضلاع میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بند ہیں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت ہے وہاں اسکی سپیڈ انتہائی سست ہے ایسے حالات میں آن لائن کلاسز کے انعقاد کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ سوراب میں شٹرڈاون ہڑتال کو کامیاب بنانے پر تاجر برادری سمیت تمام مکاتب فکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کے پیش نظر طویل لاک ڈاون کی وجہ سے انکو پہلے سے معاشی مشکلات کا سامنا ہے اسکے باوجود انہوں نے آل پارٹیز کی کال پر ہڑتال کو کامیاب بنا کر ثابت کر دیا کہ وہ ایچ ای سی کی تعلیم دشمن پالیسی کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نیکہا کہ اگر 15 دن کے اندر سوراب میں انٹرنیٹ بحال نہیں کیا گیا اور بلوچستان میں آن لائن کلاسز کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو آر سی ڈی شاہراہ بلاک سمیت مزید سخت احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ایک گہری سازش کے تحت منشیات کی لعنت کو سوراب میں پھیلایا جارہا ہے اور سوراب میں منشیات فروشوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جسکی وجہ سے نوجوان نسل بری طرح اس دلدل میں پھنس رہی ہے جو کسی المیے سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کے زیراہتمام سوراب میں 12 جولائی کو منشیات کے پھیلاو اور اس کے بیوپاروں کے خلاف ایک تاریخی ریلی نکالی جائے گی جو منشیات فروشوں اور اس دھندے میں ملوث دیگر مکروہ کرداروں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گی۔دریں اثناء آل پارٹیز کی اپیل پر پیر کے روز سوراب میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال رہی اس دوران تمام کاروباری مراکز بند رہے۔


