تعلیمی زبوں حالی کے باعث پرائمری کے بعد بچے تعلیم کو خیر باد کہہ دیتے ہیں، نگراں صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان

کوئٹہ (این این آئی) نگران صوبائی وزیرتعلیم قادر بخش بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم کا 80فیصدسے زائد بجٹ اساتذہ اوردیگر ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہوتا ہے نگران حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ابتدائی طورپر ایک ماڈل اسکول قائم کیا جائے گا صوبے میں150اسکولوں کو اپ گریڈ کرکے مڈل کر رہے ہیں ، صوبے میں اسوقت 1964اسکولوں کی بلڈنگ نہیں ہے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ نگران صوبائی وزیر تعلیم قادر بخش بلوچ نے کہاکہ اسوقت بلوچستان میں 8لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جنہیں اسکولوں میں داخل کئے بغیر صوبے میں شرح خواندگی کو بڑھانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں 12ہزار پرائمری اسکول ہیںجن میں سے 6ہزار اسکولوں میں ایک ٹیچر ہے جبکہ مڈل اسکولوں کی تعداد صوبے میں نہ ہونے کے برابرہے جس کے بعد پرائمری تعلیم کے بعداکثر بچے اوربچیاں تعلیم کو خیرآباد کہہ دیتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ہر مہینے 300ٹیچرزریٹائرڈ ہورہے ہیں جس سے محکمہ تعلیم کواساتذہ کی کمی کاسامنا کرناپڑ رہاہے محکمہ نے 2019ءکے بعد اساتذہ کی بھرتی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ چندماہ کے دوران صوبے میں 3500اسکولز اساتذہ کی کمی وجہ سے بند ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت نے صوبے میں 150پرائمری اسکولزکو اپ گرڈ کرکے پرائمری بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق ہرڈسٹرکٹ میں 4اسکول کو پرائمری سے مڈل کیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر قادر بخش نے بتایا کہ گزشتہ سال سیلاب کے باعث صوبے میں 5500سے زئداسکولوں کو نقصان پہنچا ان میں سے ابتک صرف 50اسکولزکی مرمت کی گئی ہے ہم نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والے اسکولزکی تعمیرو مرمت میں حکومت بلوچستان کاساتھ دیں اورانٹرنیشنل آرگنائزیشن نے ہمیں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ بلوچستان میں 11ہزاراسکولز میں بجلی ،10ہزار میں پانی اور 1800 اسکولوں میں واش روم تک کی سہولت موجود نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر قادر بخش نے بتایاکہ نگران صوبائی حکومت نے صوبے کے ہرڈسٹرکٹ میںابتدائی طور پرایک ماڈل اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے جس سے صوبے میں تعلیم کے فروغ میں مددملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں