پنجگور میں خود ساختہ مہنگائی عروج پر، دکاندار من مانی قیمتیں وصول کرنے لگے
پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور میں خود ساختہ مہنگائی عروج پر، اشیاءخورونوش غریب طبقے کی قوت خرید سے باہر۔ پنجگور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں یکدم دو سو روپے اضافے کے ساتھ فی کلو سات سو روپے ہوگئی، مختلف قسم کی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے سے مٹر فی کلو تین سو، ٹماٹر فی کلو دو سو روپے، اسی طرح مختلف اقسام کے پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں سو فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، مختلف قسم کے پھل اور سبزیاں دو سو سے تین سو روپے میں فروخت ہورہی ہیں، 20 کلو آٹے کی بوری تین ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے، اسی طرح عام چاول فی کلو 250 جبکہ درجہ اول چار سو سے پانچ سو روپے تک فروخت ہورہا ہے۔ دال، گھی، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ تاجران کے مطابق چینی لانے پر پابندی کی وجہ سے چینی مارکیٹ سے غائب ہے جس سے دکاندار فی کلو 180/ 200 تک فروخت کررہے ہیں۔ بکرے کا گو¿شت اور گور مچھلی فی کلو 18 سو روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق جب اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو پنجگور کے تاجران کمی نہیں کرتے مگر جب اضافہ ہوتا ہے تو فوری طور پر اضافہ کرکے ناجائز منافع کمایا جاتا ہے جب کمی کا اعلان ہوتا ھے تو تاجران کہتے ہیں کہ ہمارا پرانا مال ہے۔ عوامی حلقوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ پنجگور میں مہنگائی پر کنٹرول کرنے کےلئے اقدامات کئے جائیں۔


