میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں انٹری ٹیسٹ، امتحانی مراکز کے اطراف میں دو دن کیلئے دفعہ 144 نافذ
پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے ٹیسٹ کیلئے صوبہ بھر میں 11 سینٹرز بنائے گئے ، امتحانی مراکز کے اطراف میں دو دن کیلئے دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی۔ خیبر پختونخوا کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ میں 46 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ٹیسٹ کی نگرانی 11 انتظامی سیکرٹریز کو سونپی جبکہ ٹیسٹ کیلئے سکیورٹی پلان بھی تیار کر لیا گیا۔پشاور میں 250 جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکارامتحانی مراکز میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ۔ پولیس کے مطابق امتحانی مراکز میں الیکٹرانک آلات کے استعمال پر پابندی ہے جبکہ امتحانی مواد کی ترسیل کے وقت ہر گاڑی کے ساتھ 10 پولیس اہلکار سکیورٹی پرمامور ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ہر امتحانی مرکز کے گیٹ پر 24 پولیس اہلکار اور 6 خواتین اہلکار اور ہیلتھ ورکرز تعینات ہیں ۔


