عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست لارجر بینچ کے سپرد
لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 5 سال کیلئے نااہلی کی درخواست 5 رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 5سال کے لیے نااہلی کے خلاف درخواست پر چیمبر میں سماعت کی جس سلسلے میں سابق چیئرمین پی ٹی کی طرف سے علی ظفر اور سمیر کھوسہ پیش ہوئے۔ سابق چیئرمین پی ٹی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023کو 5 سال کے لیے نااہل کردیا، درخواست گزار کو الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیاگیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، درخواست گزار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، عدالت الیکشن کمیشن کی جانب 5 برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو پانچ رکنی لارجر بینچ کو بھجوا دیا ہے۔


