مسلم امہ متحد ہوکر فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف آواز بلند کرے، سنی علماءکونسل
کوئٹہ (آن لائن)سنی علماءکونسل کے زیر اہتمام مجلس اتحاد امت کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق سربراہ اہلسنت و الجماعت پاکستان علامہ محمد احمد لدھیانوی ، مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی کی ہدایت پر جمعہ کو ملک بھر کی طرح بلوچستان میں فلسطین پر اسرائیلی ظلم اور بربریت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا علماءاور آئمہ نے خطباءکے دوران فلسطینی مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر آواز اٹھا کر صدا احتجاج بلند کی۔ صوبائی صدر مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا ہے کہ مجلس اتحاد امت کانفرنس کے اعلامیہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے سربراہ اہلسنت والجماعت پاکستان علامہ محمد احمد لدھیانوی اور مرکزی صدراہلسنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی کی ہدایت پرملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بمباری کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا جس کا مقصد اسرائیل کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور فلسطینی مسلمانوں پر ظلم اور بربریت کے ذریعے ان کی بے دریغ قتل و غارت گری کے خلاف یک زبان ہوکر امت مسلمہ کو بیدار کرکے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی اس حوالے علماءکرام نے جمعتہ المبارک کے خطباءمیں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف امت مسلمہ کے ضمیر کو جھنجھوڑا تاکہ اسرائیل کی بربریت اور مظالم جو نہتے فلسطینیوں پر کرتے ہوئے بمباری کے ذریعے خواتین ، بچوں شہریوں سمیت مسلمانوں کی شہادت کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ تاکہ نہتے فلسطینیوں کے اس مشکل حالات میں ہم ان کی آواز بن کر ہر موقع پر ساتھ دے سکیں۔


