معروف شاعر و مصنف احمد سلیم انتقال کر گئے

اسلام آباد (صباح نیوز) محقق ،شاعر ، ڈرامہ نگار ،175کتابوں کے مصنف اورانسانی حقوق کے کارکن احمد سلیم 78برس کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے،نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے احمد سلیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ احمد سلیم آخری عمر تک ایس ڈی پی آئی سے وابستہ رہے ۔ احمد سلیم کی عمر 78برس تھی، وہ کچھ عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ احمد سلیم نے پاکستان ٹیلی ویژن کی ڈرامہ سیریل اماوس کے علاوہ متعدد مشہور ڈرامے تصنیف کئے۔ پاکستانی اخبارات سے ملکی تاریخ کے اہم واقعات چار جلدوں میں اکٹھے کئے۔احمد سلیم 1945 میں منڈی بہا الدین کے علاقے میانہ گوندل میں پیدا ہوئے تھے، وہ نیشنل عوامی پارٹی کا بھی حصہ رہے۔1971 میں مشرقی پاکستان میں آپریشن کی مخالفت کرنے پر احمد سلیم کو جیل جانا پڑا۔انہوں نے اردو اور انگریزی کی درجنوں کتابیں لکھیں، ملک کی سیاسی تاریخ پر ان کی گہری نظر تھی۔نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی احمد سلیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں