پی ٹی آئی کے پاس 70فیصد عوام کی اکثریت ہے،بیرسٹرگوہر
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ اس وقت پی ٹی آئی کے پاس 70 فیصد عوام کی اکثریت ہے،جس طرح ہم نے الیکشن کروائے تھے 170 پارٹیوں نے نہیں کرائے۔الیکشن کمیشن کے باہر علی ظفر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر بلے کا نشان چھیننے کی کوشش کی گئی تو یہ 70 فیصد عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جس طرح ہم نے الیکشن کروائے تھے 170 پارٹیوں نے نہیں کرائے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے یہ عوام کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ہمیں اس پر یقین ہے، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی ہمارے لوگ گرفتار ہو رہے ہیں۔علی ظفر نے کہا کہ چاہیں گے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے، یہ کہنا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ الیکشن ہوں گے یہ غلط ہے، درخواستیں مسترد کر دینی چاہیے تھیں لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹسز جاری کر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 2019 کے آئین کے تحت انتخابات کرائے ہیں، یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ بلامقابلہ کیسے منتخب ہو گئے، الیکشن ایکٹ 2017 میں بھی ایسی کوئی بات نہیں، الیکشن کمیشن کا کام بس یہ دیکھنا ہے کہ الیکشن ہوئے یا نہیں ہوئے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے 8فروری الیکشن کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، 14دسمبر تک الیکشن شیڈول آجانا چاہیے، پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کرا دیئے ہیں، ہم سے بلے کا نشان کیوں چھینا جائے جو شخص پارٹی کا ممبر نہیں، ووٹر نہیں، اس کا انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی جواز نہیں۔


