اب کارکنوں پر حملہ نہیں ہونا چاہئے ، ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کو انتباہ

کراچی (آئی این پی) گزشتہ شب مچھر کالونی میں پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کی نمازِ جنازہ میں کنوینر خالد مقبول صدیقی, سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال, ڈپٹی کنوینرز انیس احمد قائمخانی, عبدالوسیم, اراکینِ رابطہ کمیٹی, اراکینِ سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی, نامزد امیدوار NA243 ہمایوں عثمان، ٹاو¿ن آرگنائزر, اراکینِ ٹاو¿ن کمیٹی و بڑی تعداد میں کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔ بعد ازاں کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے یہاں 24 تاریخ کو جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا جس سے مخالفین کو سخت تکلیف تھی نتیجتاً آج ہم نے یہاں جنازے اٹھائے ہیں، ہم لسانی بنیادوں پر تلخیوں کو کم کرنے اور پاکستان کو خوشحال کرنے کے لیے پہلے ہی بہت قربانیاں دے چکے ہیں، چند روز قبل سہراب گوٹھ پر حملہ کر کے ساتھیوں کو زخمی کیا گیا، پیپلز پارٹی والے اس شہر اور صوبے کو لسانی تقسیم کے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں، منگھو پیر میں ہمارے ساتھی نیاز بھائی کو شہید کیا گیا، اب یہ واضح رہے کہ اگر آپ نے ہم پر جنگ مسلط کی تو شکست آپ کے حصے میں آئے گی۔ ہمارے صبر کا یہ آخری پیمانہ تھا، اگر کسی نے اب کچھ کیا تو شہر کے امن کی ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی، نگران وزیر اعلیٰ سندھ اور ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں پے در پے واقعات کا نوٹس لیا جائے، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن لڑنا جانتے ہیں، فوری انصاف ہونا چاہیے وہ انصاف جو ہوتا ہوا نظر آئے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان بہت مضبوط ہے اور اس مضبوط ایم کیو ایم سے مخالفین خائف ہیں، اس شہر کے مضافات بھی اب روشن ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے شہداءکی کامل مغفرت، سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے، قاتلوں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دینے اور ریاست پاکستان سے لواحقین کو انصاف فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں