انتخابات کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیاں درست نہیں، فواد حسن فواد
اسلام آباد (صباح نیوز)نگرا ن وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ انتخابات کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیاں درست نہیں، لاڈلے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کے بیانات سیاسی بیانیہ ہیں ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیاں درست نہیں، کوئی ایسا ابہام نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو نہیں ہوں گے، امن و امان کی صورتِ حال کے باعث انتخابات میں تاخیر نہیں ہو گی۔فواد حسن فواد نے کہا کہ آئین و قانون کو دیکھتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کی گنجائش نہیں، مولانا فضل الرحمن اپنے خدشات پر سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاڈلے اور لیول پلیئنگ فیلڈ کے بیانات سیاسی بیانیہ ہیں، نگران حکومت غیر جانبداری سے امور انجام دے رہی ہے، سیاسی جماعتیں الزامات کے بجائے انتخابی منشور پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لاڈلے ہونے کے بیانات بھی سیاسی بیانیہ ہیں، نواز شریف کے ساتھ سرکاری حیثیت میں کام کرنے سے وابستگی رہی ہے، ان کے سیاسی ایجنڈے سے اتفاق نہیں کرتا۔نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان شہریوں کی واپسی پر نظرِ ثانی نہیں کی جا رہی، پوری کوشش ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کر کے جائیں۔


